لاہور (بیوروچیف) 79واں جشن آزادی کل 14اگست بروز جمعہ کے روز شایان شان اور قومی وملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، حکومت کی جانب سے یو م آزادی کے موقع پر عامتعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ دن کا آغاز وفاقی دارا لحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار ات پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پروقار تقریبات منعقدہوںگی۔ اعلی حکومتی شخصیات اور عسکری حکام بانی پاکستان اور شاعر مشرق کے مزار ات پر حاضری دیں گے ، پھولوں کی چادر یںچڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں بھی جشن کی آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ، سرکاری اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یوم آزادی کو موضوع بنایا جائے گاجبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹے جائیں گے۔دریں ثناء ۔اسلام آباد(بیوروچیف) یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر مسلح افواج پاکستان نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری، امن اور ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور قوم کی حفاظت ان کا اولین فرض ہے۔مسلح افواج کے جوانوں کا کہنا ہے کہ وطن کا دفاع یقینی بنانے کے لیے وہ سرحدوں پر ہر وقت چاک و چوبند کھڑے ہیں، دشوار گزار پہاڑی راستوں سے لے کر ہر محاذ تک پاک فوج کے جوان دشمن کے سامنے مضبوط دیوار کی مانند موجود ہیں اور ملک کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔جوانوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ امن و امان کے قیام، قومی ترقی اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے جوانوں کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس سرزمین کے محافظ نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل اور عوام کے خوابوں کے نگہبان بھی ہیں، ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج ہر وقت موجود ہیں اور ان کی آخری سانس تک پاکستان محفوظ، مضبوط اور ناقابل تسخیر رہے گا۔جوانوں نے کہا کہ یہ وطن ہماری پہچان، اس کا دفاع ہمارا فرض اور پاکستان کی خدمت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔مسلح افواج کے جوانوں نے یومِ آزادی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطن کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے۔




