اشتعال انگیزی کو روکنے کیلئے پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان رابطہ ضروری ہے

جڑانوالہ(نامہ نگار) عید میلاد النبی ۖ کے سلسلے میں امن و امان کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ایس پی جڑانوالہ ڈویژن اختر علی وینس کی زیرِ صدارت امن کمیٹی کے ممبران اور مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیکورٹی انچارج حاجی رانا محمد انصر بھی موجود تھے اجلاس میں عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں، محافل اور دیگر مذہبی پروگرامز کے دوران سیکیورٹی انتظامات،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایس پی اختر علی وینس نے سابقہ کشیدگی والے پوائنٹس اور حساس مقامات پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کیں،جبکہ ضرورت کے مطابق اضافی پولیس نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ایس پی جڑانوالہ نے تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام اور امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے مثبت اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی افواہ،شرانگیزی یا اشتعال انگیزی کی بروقت روک تھام کے لیے پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان موثر رابطہ انتہائی ضروری ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید میلاد النبی ۖ کے مرکزی جلوسوں اور محافل کی مکمل جیو ٹیگنگ کے ساتھ سخت سیکیورٹی چیکنگ کی جائیگی۔،جبکہ پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان فوری رابطے کے لیے خصوصی رابطہ ڈیسک بھی فعال رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر امن کمیٹی کے ممبران اور علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عید میلاد النبی ۖ کے تمام بابرکت پروگرامز کو پرامن، باوقار اور اخوت و بھائی چارے کے ماحول میں منعقد کرانے کے لیے پولیس و انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں