لاہور (بیوروچیف) ویزا ایکسٹینشن، واٹس ایپ ہیکنگ اور سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈان کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر لاہور اور ملتان میں کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی ویزا اور مالی فراڈ میں ملوث7ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران شہریوں سے او ٹی پی حاصل کرکے واٹس ایپ ہیک کرنیوالے مرکزی ملزم حیدر علی کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے اکائونٹ سے لاکھوں روپے کے فراڈ کی ٹرانزیکشنز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ویز ا ایکسٹینشن کے نام پر شہری سے لاکھوں روپے وصول کرنیوالے جعلساز عمران شاہد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ جعلی اکانٹس کے ذریعے شادی اور قیمتی تحائف کا جھانسہ دے کر شہریوں سے فراڈ کرنیوا لے5ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، ٹرانزیکشن سلپس اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈ برآمد کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔




