مزارات کی سکیورٹی مزید موثر بنانے کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز

لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں اہم مزارات کی سکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی مزید موثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف چودھری شافع حسین نے ایوان اوقاف میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کیا اور وہاں سے مزارات کی ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان کے 4،4 مزارات کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے منسلک کرکے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائیگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 8 مزارات کو اس نظام کا حصہ بنایا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مرحلہ وار پنجاب بھر کے مزارا ت کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔چودھری شافع حسین نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں جدید کیمرے نصب کرنے اور مزارات کو ڈیجیٹل مانیٹر نگ کے لیے متعلقہ تھانوں سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کنٹرول روم میں معیاری انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈی جی مذہبی امور بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے امور کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے جبکہ محکمہ اوقاف کی تمام اراضی کو ڈیجیٹل ریکارڈ میں لایا جا رہا ہے۔چودھری شافع حسین نے واضح کیا کہ اوقاف کی اراضی کا ایک ایک انچ ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں