نئی صنعتوں کے قیام کیلئے سستی زمین دینے کی بجائے لیز کا ماڈل متعارف کرایا جائیگا

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)پنجاب کی پائیدار ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز آئندہ ماہ ایس ایم ای سیکٹر سمیت نجی شعبہ کیلئے 1.9ٹریلین کی فنانسنگ کی سہولتوں کا اعلان کریں گی جبکہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے مالکانہ بنیاد پر سستی زمین دینے کی بجائے لیز کا ماڈل متعارف کرایا جائے گا ۔ یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے گلوبل انوسٹمنٹ گیٹ وے عمران خاور صدیقی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ کا واضح موقف ہے کہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں۔ حکومت ریگولیٹر کی بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بزنس دوست ماحول مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت تیزی سے کام کر رہی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب ستمبر کے پہلے ہفتہ میں خود نجی شعبہ کیلئے جامع مراعات کا اعلان کریں گی جسکے تحت 1.9ٹریلین کی فنانسنگ کی سہولتیں دی جائیں گی۔ اِس میں ایس ایم ای سیکٹر کیلئے 10کروڑ روپے تک کی فنانسنگ بھی شامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر بینک کریڈٹ کی فراہمی کیلئے سیکورٹی مانگتے ہیں جس سے ان سکیمو ں کا بنیادی مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم سیکورٹی کے بغیر ، کم شرح سود پر فنانسنگ کو یقینی بنائے گی انہوں نے مزید کہا کہ یہ کاروبار کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کے بزنس کمیونٹی کے مطالبے کو بھی پورا کرے گی۔ عمران خاور صدیقی نے کہا کہ حکومت کے مطابق اس وقت نئی صنعتوں یا کاروبار کیلئے 50سے زائد لائسنس درکار ہیں۔جن کو کم کیا جائے گا۔
انہوںنے کہا کہ پنجاب میں 20سپیشل اکنامک زونز ہیں جبکہ فیصل آباد میں فیڈمک کے زیر اہتمام مختلف صنعتی علاقے قائم ہیں جن میں زمین خریدنے پر بھاری سرمایہ خر چ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زمین کی ملکیت کی بجائے لیز پر دینے کا طریقہ متعارف کر ا رہے ہیں جبکہ صوبائی کابینہ بھی اِس کی منظوری دے چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ سکیم فیصل آباد سمیت 5بڑے شہروں میں شروع کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں