تیز رفتار کار موٹر سائیکل سوار کو کچلتے ہوئے نہر میں جاگری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ کینال روڈ فیصل ہسپتال کے قریب تیز رفتار کار موٹرسائیکل سے ٹکرانے کے بعد نہر میں جاگری’ موٹرسائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ کار سوار محفوظ رہا’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 224 رب یوسف آباد گلی نمبر14 کا رہائشی 35سالہ عادل مسیح ولد شمعون مسیح موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ فیصل ہسپتال کے سامنے پہنچا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار کار ہنڈا سٹی LEC-9371 نے ٹکر مار دی اور ڈرائیور کار پر قابو نہ رکھ سکا۔ کار بے قابو ہو کر نہر میں جاگری’ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو موٹرسائیکل سوار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا، تاہم کار سوار ولید احمد ولد عتیق الرحمن خود ہی کار سے نکل کر محفوظ رہا۔ تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں