فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس کی گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے سرکاری رہائش گاہ میں داخل’ ویڈیو بناتے ہوئے سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینے والا نوجوان پکڑا گیا۔ تفصیل کے مطابق انکروچمنٹ انسپکٹر امان اﷲ نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نئی ملنے والی سرکاری رہائشگاہ بالمقابل فیصل ہسپتال کیلئے جا رہی تھیں کہ مذکورہ نوجوان محمد اظہر خان ولد سجاد خاں سکنہ انار کلی بازار گلی نمبر7 ان کا تعاقب کرتے ہوئے سرکاری رہائشگاہ میں داخل ہو گیا اور ویڈیو بنانے لگا جبکہ موقع پر موجود عملہ نے منع کیا تو ان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں جس کو موقع پر موجود گن مین نے قابو کر لیا، بازپرس کرنے پر پکڑے جانیوالے ملزم اظہر خان نے بتایا کہ وہ رانا سجاد مصطفائی کیلئے ویڈیو بناتا ہوں تاکہ افسران کو بلیک میل کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ محترمہ عظمت فردوس شہر بھر میں بلاامتیاز انکروچمنٹ پر کام کر رہی ہیں اور ان کی جان کو خطرہ ہے، جس پر پیپلزکالونی پولیس نے ملزم کو گرفتار میں لیکر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




