لاہور(بیورو چیف)دار التزکیہ نے خواتین کی اسلامی تعلیم و تربیت کے فروغ کے لیے ”پاکستان فورم آف ویمن اسلامک اسکالرز ”کے قیام کا اعلان کر دیا ۔دار التزکیہ کے ترجمان کے مطابق یہ ملک گیر فورم ملک بھر کی ممتاز خواتین اسلامی اسکالرز کو موثر پلیٹ فارم مہیا کرے گا تاکہ وہ علم کے تبادلے، علمی تعاون اور مستند اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تعلیمی و سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔فورم کا موضوع ”ورثے کی عزت، مستقبل کی تعمیر”رکھا گیا ہے۔ اس کا مقصد اسلامی تاریخ میں خواتین اسکالرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے موجودہ دور کی عالمات کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔اس موقع پر دار التزکیہ کی سی ای او راشدہ اعجاز نے کہا کہ ہمارا مشن مسلم خواتین اسکالرز کی پائیدار میراث کو آج کی دنیا کی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔




