راولپنڈی(بیورو چیف)راولپنڈی میں 6 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ تمام مریضوں کا تعلق ڈھوک حسو، جنوبی کوٹھا کلاں اور کونتریلا سے ہے۔ انسداد ڈینگی مہم کے دوران مختلف علاقوں سے بڑے پیمانے پر ڈینگی لاروا بھی برآمد ہوا۔محکمہ صحت کے مطابق چکلالہ، پیرودھائی، ڈھوک رتہ، وارث خان، کھنہ ڈاک، گنگال،چک جلال دین اور ڈھوک منگٹال کے علاقوں سے ڈینگی لاروا ملا۔اب تک 2ہزار 841افراد کی ڈینگی تشخیص کے لیے اسکریننگ کی گئی، جن میں 2ہزار 656مریض مشتبہ قرار پائے۔انسداد ڈینگی مہم کے جائزے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے 27جبکہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے 89اجلاس منعقد کیے گئے۔ڈینگی ٹیموں نے اب تک 39 لاکھ 17ہزار 473گھروں کا دورہ کیا، جن میں سے 74ہزار 392گھروں سے لاروا برآمد ہوا ۔ ڈینگی ٹیموں نے 13لاکھ 38ہزار 647اوپن سپاٹس کا بھی معائنہ کیا، جہاں13ہزار 16 مقامات ڈینگی پازیٹو نکلے۔، مجموعی طور پر 87 ہزار 408 مقامات سے ملنے والا لاروا تلف کردیا گیا۔ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 1670 ایف آئی آرز درج، 440 عمارتیں سیل اور 1565 چالان کیے گئے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 19 لاکھ 74 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔




