فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جشن آزادی سیریز کے سلسلہ میں شاندار کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف کبڈی کلبوں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں 109ر ب روڈیانوالہ کبڈی کلب اور 208چک ندیم ڈوگر کبڈی کلب کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں 109ر ب روڈیانوالہ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ دوسرے سیمی فائنل میں ذیل گجراں کبڈی کلب کا مقابلہ اسرار فوجی 165گ ب کبڈی کلب سے ہوا، جس میں اسرار فوجی 165گ ب نے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔فائنل میچ 109 ر ب روڈیانوالہ کبڈی کلب اور اسرار فوجی 165 گ ب کبڈی کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم 109 ر ب روڈیانوالہ کبڈی کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میچ اپنے نام کرلیا اور ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی حاصل کرلی۔ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین ریڈر اور اسٹاپر کو خصوصی انعامات دیے گئے جبکہ تمام ٹیموں میں ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد سردار، نائب چیئرمین پاکستان بین المذاہب امن کمیٹی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔کامیاب کبڈی ایونٹ کے انعقاد پر عالمی مبصر طیب گیلانی نے ذیل گجراں کبڈی کلب کے کوچ تنویر ممتاز گجر کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ فخر ذیل گجراں لیجنڈ کبڈی استاد پرویز اختر نمبر دار 172 گ ب اور سینئر نیشنل کوچ فضل حق گجر نے بھی کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔




