فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک جھنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جھنگ کے دفاتر اور سول ویٹرنری ہسپتال ماجھی سلطان جھنگ کا معائنہ کیا۔انہوں نے پنجاب لائیو سٹاک کارڈ (PLC) فیز تھری کے تحت جاری تصدیقی سروے، ویٹرنری ہیلتھ کیئر سروسز، عملے کی حاضری، سرکاری ریکارڈ، ادویات کی دستیابی، فیلڈ سرگرمیوں، صفائی ستھرائی اور مجموعی سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے متعلقہ افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ PLC فیز تھری کے تصدیقی سروے کا عمل شفاف اور بروقت مکمل کیا جائے، مویشی پال کسانوں کو موثر اور بروقت ویٹرنری سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی ہر ممکن سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے افسران و فیلڈ سٹاف پر زور دیا کہ سرکاری خدمات کی فراہمی میں معیار، شفافیت اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔




