لاہور (بیورو چیف)پنجاب حکومت نے سرکاری کالجوں میں تدریسی ضروریات پوری کرنے کے لیے کالج ٹیچنگ انٹرنز ( سی ٹی آئیز ) کی بھرتی کا فیصلہ کرلیا۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری کالجوں میں تدریسی بوجھ اور طلبہ و اساتذہ کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت کے مطابق سی ٹی آئیز بھرتی کیے جائیں۔ سی ٹی آئیز پروگرام کے ذریعے تدریسی عملے کی کمی عارضی بنیادوں پر پوری کی جائے گی۔گزشتہ تعلیمی سال 2025-26میں 8ہزار 84سی ٹی آئیز بھرتی کیے گئے تھے، جن میں مختلف کیٹیگریز کے لیے کوٹہ بھی مختص کیا گیا تھا۔ انٹرمیڈیٹ کلاسز کے لیے سی ٹی آئیز کی تعیناتی 7ماہ جبکہ بی ایس پروگرامز کے لیے 10ماہ تک رہی اور انہیں ماہانہ 50ہزار روپے وظیفہ دیا گیا۔اس سے قبل تعلیمی سال 2024-25میں پنجاب بھر میں 7ہزار 354سی ٹی آئیز بھرتی کیے گئے تھے۔ ان کی تعیناتی 6ماہ کے لیے کی گئی تھی جبکہ ماہانہ وظیفہ بھی 50ہزار روپے مقرر تھا۔




