اشیا ء خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں سے شہری پریشانی میں مبتلا

لاہور (بیوروچیف) لاہور شہر میں مہنگائی کا راج برقرار ہے اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، آٹا، گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چاول، سبزیاں، پھل اور دودھ سمیت بیشتر اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔ شہر میں 15کلو آٹے کا تھیلا 2100روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 615روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، چاول بھی450روپے فی کلو فروخت ہونے لگے ہیں، جس کے باعث شہریوں کے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔ ادھر14 روپے سرکاری نرخ والی روٹی 20روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ دودھ سرکاری نرخ 170روپے کے بجائے 210روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے،دہی بھی سرکاری قیمت سے زائد 230روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔سبزی اور پھل بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دستیاب نہیں، جبکہ گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، 800روپے سرکاری قیمت والا بیف 1500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ مٹن 1600 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے بجائے 3000 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں