فتح محمد صابر کی محکمہ تعلیم میں34سالہ خدمات قابل تحسین ہیں

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول66ج ب دھاندرہ کے ریٹائرڈ پرنسپل فتح محمد صابر کے اعزاز میں پرائیو یٹ سکولز فورم پنجاب کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا شاہد مقربچیئرمین پرائیو یٹ سکولز فورم پنجاب ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی فیصل آباد چوہدری ندیم سندھو، حافظ محمود الحسن، ڈی ای او ایلیمنٹری چنیوٹ محمد اسماعیل، حاجی جاوید اقبال اور دیگر مقررین نے کہا کہ فتح محمد صابر کی محکمہ تعلیم میں 34سالہ خدمات قابلِ تحسین اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے دورانِ ملازمت فرض شناسی، ایمانداری اور محنت کو اپنا شعار بنائے رکھا اور جس تعلیمی ادارے میں خدمات انجام دیں وہاں تعلیمی ماحول اور طلبہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔مقررین نے کہا کہ فتح محمد صابر نہ صرف مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے رہے بلکہ ریجنل پروگرام مینیجر قائد اکیڈمی فیصل آباد، میانوالی اور ساہیوال کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتح محمد صابر نے سرکاری سکولوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے بھی اپنا کردار ادا کیا، جس کے باعث تعلیمی حلقوں میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔تقریب میں میاں ندیم شہزاد، زاہد رشید بسرا، ملک طارق، چوہدری یوسف گجر، زاہد وقاص سندھو، نعمان ریاض، رانا خلیل احمد، چوہدری گلزار حسین، شیخ غلام سرور سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ریٹائرڈ پرنسپل فتح محمد صابر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آج انہیں جو عزت اور مقام عطا کیا ہے، یہ والدین، اساتذہ اور طلبہ کی خدمت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری ملازمت کے دوران تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی بہتر تربیت کو ہمیشہ ترجیح دی اور آئندہ بھی اپنی استطاعت کے مطابق تعلیمی شعبے کی خدمت جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں