بھوآنہ بازار کے تحت صدر ،جنرل سیکرٹری کیلئے الیکشن ،یحییٰ طارق ،امین خان جیت گئے،انصاف گروپ کا جشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بھوآنہ بازار کے الیکشن میں انصاف گروپ کے امیدوار برائے صدر حافظ یحییٰ طارق اور جنرل سیکرٹری کے امیدوار محمد امین خان کامیاب’ حافظ یحییٰ طارق نے 203 جبکہ ان کے مدمقابل شیخ بلال الٰہی نے 146 ووٹ حاصل کئے اور جنرل سیکرٹری کے امیدوار محمد امین خان نے206 اور ان کے مدمقابل میاں رضوان پپو نے 143 ووٹ لئے’ بھوآنہ بازار میں سارا دن الیکشن کی گہما گہمی رہی’ امیدواروں’ ووٹروں اور دکاندارو ں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آیا’ چیف الیکشن کمشنر عبدالعزیز صابری کے الیکشن نتائج کا اعلان کرتے ہی انصاف گروپ کے حامیوں نے زبردست خوشی کا اظہار کیا اور اپنے کامیاب امیدواروں حافظ یحییٰ طارق اور محمد امین خان کو کندھوں پر اٹھا کر بھوآنہ بازار کا چکر لگایا بعدازاں چوک گھنٹہ گھر میں جمع ہو گئے ‘ اس موقع پر زبردست آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا ‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے’ اپنی وکٹری سپیچ میں فاتح امیدوار حافظ یحییٰ طارق نے اپنی جیت کا کریڈٹ بھوآنہ بازار کے غیور تاجروں کو دیا اور کہا کہ مجھے پہلے دن سے معلوم تھا کہ بھوآنہ بازار کے غیور تاجر میری چار سالہ محنت رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور مجھے تاریخی کامیابی دلوائیں گے’ اس موقع پر ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے اپنے خطاب میں انصاف گروپ کی تاریخ ساز کامیابی پر بھوآنہ بازار کے تمام دکانداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے’ ہم آج اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جنہوں نے ہمیں تاریخی کامیابی سے نوازا’ انہوں نے حافظ یحییٰ طارق سے کہا کہ جن لوگوں نے اس مرتبہ آپ کو ووٹ نہیں دیا آئندہ چار سالوں میں ان کی اتنی خدمت کرنا کہ وہ بھی اگلے انتخاب میں آپ کو ووٹ دینے پر مجبور ہو جائیں’ انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا’ اس موقع پر سابق ایم این اے میاں عبدالمنان’ حاجی اسلم بھلی’ الحاج نصیریوسف وہرہ’ چوہدری پرویز اقبال کموکا’ میاں تنویر ریاض’ خواجہ اسد اعجاز منا’ عبدالرحمن’ ابوبکر پومی’ منصب علی زین’ فقیر حسین’ رانا مبشر ٹھاکر و دیگر مقررین نے کہا کہ انصاف گروپ کی فتح حق سچ کی فتح ہے’ یہ بھوآنہ بازار کے تاجروں کی فتح ہے جنہوں نے تمام سازشوں کو ناکام بنا کر الیکشن کروایا اور اللہ کے فضل و کرم سے انصاف گروپ کو تاریخی کامیابی دلوائی’ انہوں نے باقی بازاروں کی تاجر تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ سلیکشن کو چھوڑ کر الیکشن کی طرف آئو اور آپس میں اتفاق اور اتحاد کا مظاہرہ کرو’ اپنے مسائل کے حل کیلئے سب سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہو جائو’جہاں ہماری ضرورت محسوس ہو ہمیں آواز دو ہم آپ کے مسائل کے حل کیلئے آپ سے دو قدم آگے کھڑے ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں