فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ سمندری روڈ سب ڈویژن محمد علی پارک کے ساتھ بجلی کے کھمبوں پر لگی ڈھیلی تاروں میں سپارکنگ روزمرہ کا معمول بن گئی’ اہل محلہ کی الیکٹرونکس کی اشیاء جل گئی’ جانی نقصان کا بھی خدشہ’ نشاندہی کے باوجود فیسکو کا نکمہ عملہ تاروں کو درست کرنے نہیں آیا۔ تفصیل کے مطابق ڈی ٹائپ کالونی کے سابق نائب ناظم آفتاب احمد پوما نے ایس ڈی او سمندری روڈ سب ڈویژن کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ مکان نمبر 1360 محمد علی پارک کیساتھ بجلی کے پول پر لگی تاریں ڈھیلی ہو چکی ہیں اور معمولی تیز ہوا چلنے پر آپس میں ٹکرانے سے سپارکنگ ہوتی ہے۔ جسکی وجہ سے اہل محلہ کا قیمتی الیکٹرونکس کا سامان جل چکا ہے۔ ایس ڈی او سب ڈویژن سمندری روڈ فیسکو اور 118 پر کئی مرتبہ شکایات درج کروائیں۔ چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود فیسکو کا عملہ تاروں کو درست کرنے نہیں آیا، آئے روز ہونے والی سپارکنگ کے باعث مالی نقصان کیساتھ ساتھ جانی نقصان کا بھی خدشہ ہے، اگر کوئی جانی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار فیسکو ہو گا۔ اہل محلہ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر’ متعلقہ ایکسیئن اور دیگر ذمہ دار افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد علی پارک کیساتھ بجلی کے کھمبوں پر تاروں کو درست کروایا جائے تاکہ اہل محلہ جانی ومالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔




