فیصل آبا د( سٹاف رپورٹر)پاکستا ن سنی تحریک کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ۖ کے سلسلہ میں 35ویں سالانہ مرکزی میلاد ریلی دھوبی گھاٹ سے نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پاکستانی سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر (پولییٹکل ونگ)وممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری، مولانا بہادر علی رضوی، مولانا عادل رضاقادری،میاں محمد فیاض قادری،مولانا فتح اللہ قادری، عبد الرحمان قادری، میاں محمد عادل قادری، محمد رمضان قادری، حافظ ابوبکر، مولانا آصف ندیم چشتی،محمد عبداللہ، مولانا محسن شاہ نے کی۔ریلی دھوبی گھاٹ سے امین پور بازار،چنیوٹ بازار سے کچہری بازار سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچی،ریلی کا مختلف جگہ پر پرتپاک استقبال اور گل پاشی کی گئی،فضا نعرہ رسالت سے گونجتی رہی۔ اس موقع پرمرکزی کوآرڈینیٹر (پولییٹکل ونگ) وممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری، مولانا بہادر علی رضوی، مولانا عادل رضاقادری ویگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد مصطفی ۖ منانے والوں کو اللہ تعالی دونوں جہانوں میں خوشیاں عطا فرمائے گا۔ پیغام مصطفی ۖ پر عمل پیرا ہو کر میلاد مصطفی ۖکی سعادتوں کو دوبالا کیا جا سکتا ہے۔ مصطفوی پیغام قیامت تک آنے والی انسانیت کے لیے کامیابی و کامرانی کا باعث ہے۔ نبی کریمۖ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ مسلم امہ سیرت النبی ۖ سے رشتہ جوڑ کر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔ نبوی پیغام کو عام کرنے کے لیے پہلے اس پر عمل پیرا ہونا بنیادی شرط ہے۔ یہ ایام سنت مبارکہ کو اپنی زندگیوں میں ڈالنے کے لیے تجدید عہد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ نبی کریم ۖکی زندگی مبارکہ سے ہر انسان کے لیے کامل رہنمائی موجود ہے۔ میلاد ریلیاں، محافل،جلوسوں، کانفرنسز اور سیمینارز کے ذریعے پیغام امن، محبت، اخوت اور احترام انسانیت کے لیے کو فروغ دینا ہوگا۔کریم ۖ کی تشریف آوری سے انسانیت کو عزت و تکریم حاصل ہوئی۔ عاشقان رسولۖ جشن ولادت قیامت تک شایان شان طریقے سے مناتے رہیں گے۔مسلمان میلادالنبی ۖ میں شریعت کا تقدس پامال کرنے سے گریز کریں۔ وفاقی اور پنجاب حکومت کے عید میلاد النبی ۖ کے جلسے جلوسوں اور ریلیوں، محافل کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات اور تیاریا ں شاندار ہیں۔میلاد النبی ۖ کے پیغام کو عام کرکے معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرتوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امت میں اتحاد، امن اور رواداری کے فروغ کیلئے تعلیمات مصطفی ۖ کو اپنانا ہو گا۔ مسلمان حکمران اور عوام اسلام کے آفاقی پیغام پر عمل کرکے امت مسلمہ کے کھوئے ہوئے مقام کو حاصل کرسکتے ہیں۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔نبی کریم ۖ وجہ تخلیق کا ئنات ہیں۔ جشن ولادت کی خوشیاں منانے والوں کو پیغام مصطفی ۖ پر عمل بھی کرنا ہو گا۔ مذہبی منافرت پھیلانے والے اسلام وپاکستان کے دشمن اور پیغام اسلام سے ناواقف ہیں۔ نبی کریم ۖ نے عورت کو وہ مقام دیا جو دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ہے۔ میلادالنبی ۖ منانا اہل ایمان کا شیوہ ہے۔ عید میلادالنبی ۖ پر اپنے ظاہر و باطن کو سنت رسول ۖکے مطابق سجانے کا عہد کریں۔ ماہ ربیع الاول میں پورا عالم اسلام نبی کریم ۖ کی ولادت کی خوشی میں مسرور ہوتا ہے۔مسلمانوں کے لیے محبت رسولۖ کا جذبہ ناقابل تسخیر طاقت ہے۔ نبی کریم ۖکی آمد کی خوشی منانا ہمارا ایمانی تقاضا ہے۔ علما و مشائخ میلاد کا تقدس برقرار رکھنے اورخرافات کی روک تھام کے لیے عملی جدوجہد کریں۔ مغربی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول ۖکو سرد کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ امت میں عشق رسولۖ کا جذبہ کبھی ماند نہیں پڑ سکتا۔ مسلمانوں کے لئے میلادالنبی ۖعید کا دن ہے۔ آپ ۖ کی محبت دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔بعد ازاں ریلی ریل بازار سے ہوتی ہوئی ستیانہ روڈ سلیمی چوک پہنچی۔ جہاں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور اختتام پر ملکی ترقی سلامتی و استحکام، ملکی معاشی مشکلات کے جلد حل اور پاکستان میں نظام مصطفی ۖ کے عملی نفاذ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ ریلی میں کثیرتعداد میں عاشقان رسول ۖ نے شرکت کی




