ایکشن پلان کا مقصد طلبہ میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنا ہے

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سکولوں میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے آل سپورٹس ایکشن پلان کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کی۔اجلاس میں سکول سپورٹس کیلئے ایک جامع، پائیدار اور موثر روڈ میپ تیار کرنے پر غور کیا گیا۔ ایکشن پلان کا بنیادی مقصد طلبہ میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کی نشاندہی، سرپرستی، تربیت اور حوصلہ افزائی کیلئے منظم نظام تشکیل دینا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ابتدائی سطح سے ہی بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اجلاس میں ایس ای ڈی سپورٹس پورٹل کو مزید مضبوط بنانے، سپورٹس کمیٹی کے قیام، طلبہ و طالبات کی کھیلوں میں مساوی شرکت یقینی بنانے سمیت دیگر اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نمایاں کھیلوں کی تنظیموں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی اس نظام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ سکول سپورٹس کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر اسے اعلی سطح تک لے جایا جا سکے۔اجلاس میں پنجاب بھر کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمینز، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری بورڈ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن،ایلیمنٹری ایجوکیشن اور تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے شرکت کی۔حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکول سپورٹس کو موثر اور منظم انداز میں فروغ دے کر طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کیلئے تیار کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں