کراچی(بیورو چیف)پاکستان نرسز فورم کے چیئرمین سلیم مائیکل ایڈووکیٹ، جسٹس آف پیس ندیم شیخ ایڈووکیٹ اور ممتاز مزدور رہنما سید ذوالفقار شاہ نے مسیحی نرس رضیہ نورین کو جرات، بہادری اور انسانیت کی خدمت پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ رضیہ نورین کی ہمت، دلیری اور جذبہ خدمت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ ایک نرس اپنے شعبے، ذمہ داری اور فرض کی ادائیگی میں کسی سے پیچھے نہیں۔انہوں نے کہا کہ رضیہ نورین نے اپنی محنت، حوصلے اور جذبہ خدمت سے ثابت کیا کہ نرسنگ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ انسانی زندگی کی حفاظت کا عہد ہے۔ مشکل ترین حالات میں بھی مریضوں کی خدمت اور ان کی زندگی بچانے کی کوشش ایک حقیقی نرس کی پہچان ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ رضیہ نورین، ہمیں تم پر ناز ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نرس رضیہ نورین کو ستارہ خدمت دینے اور ایک کروڑ روپے نقد انعام دینے کے فیصلے کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نرسز اور طبی عملے کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد مزید جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت جاری رکھ سکیں۔




