فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) ڈائریکٹو ر یٹ آف پبلک انسٹرکشن (ایلیمنٹری ایجوکیشن) پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں صفائی، لائف سکلز، کھیلوں، سکول تعمیراتی کاموں اور سرکاری خط و کتابت کے حوالے سے سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز ایلیمنٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز (DEAs)کے ذریعے سکولوں میں درج ذیل اقدامات پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سکولوں میں درختوں کی تراش خراش، چھتوں اور پانی کی ٹینکیوں کی صفائی، واش رومز کی صفائی و حفظانِ صحت، کوڑا کرکٹ کی صفائی جبکہ عمارت کے دروازوں، کھڑکیوں اور معمولی مرمت کے کام مکمل کیے جائیں۔سکولوں میں پیکٹا لائف سکلز کو مقررہ شیڈول اور سرگرمیوں کے مطابق لازمی نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح ہر سکول میں سکول سپورٹس کمیٹی تشکیل دینے اور ہفتہ وار کم از کم تین سپورٹس پیریڈز مختص کرنے کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ طلبہ میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اضافی کلاس رومز (ACRs) کی تعمیر، سکولوں میں موجود سہولیات کی کمی اور خطرناک عمارتوں سے متعلق کام معیار، رفتار اور حفاظت کے اصولوں کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ کسی بھی حفاظتی یا معیار سے متعلق خدشے کی صورت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سرکاری خط و کتابت اور حوالہ جات کے بروقت نمٹانے کے لیے e-FOAS کے لازمی استعمال کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ متعلقہ افسران ذاتی طور پر پیش رفت کی نگرانی کریں گے اور ہفتہ وار بنیاد پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔




