فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق کرپشن فری، شفاف اور عوام دوست دفتری نظام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ایف ڈی اے میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی، بددیانتی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے جائز کاموں میں بلاجواز تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ احکامات ایف ڈی اے کے افسران کے اجلاس کے دوران جاری کئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، دیگر افسران و سٹاف کے ضروری ارکان اجلاس میں موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کرپشن کے خلاف سخت ترین اقدامات کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ محمد آصف چودھری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں عوام کو شفاف اور میرٹ پر مبنی خدمات کی فراہمی شامل ہے، لہذا ایف ڈی اے کے افسران و ملازمین بھی اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف ڈی اے ایک عوامی خدمت کا ادارہ ہے، شہریوں کو ان کے جائز کاموں کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،کسی بھی شہری کی درخواست یا کیس کو بلاجواز التوا میں رکھنے، دفتری معاملات میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنے یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایت سامنے آئی تو ذمہ دار افسر یا اہلکار کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور کرپشن میں ملوث ہونے کی شکایت پر قصور وار اہلکار کو ملازمت سے فارغ کر دیا جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام کیسز اور درخواستوں کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق میرٹ پر تیزی سے نمٹائیں اور زیر التوا امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایف ڈی اے میں کسی قسم کی بددیانتی برداشت نہیں کی جائے گی، لہذا ملازمین اپنا قبلہ درست کر لیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ سرکاری عہدہ عوام کی خدمت اور قانون کے مطابق فرائض کی ادائیگی کی ذمہ داری ہے، اسے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی، دیانت داری اور بہترین عوامی خدمت کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ کرپشن، غفلت، بدعنوانی یا اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی ہو گی، شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ اور فالو اپ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں ایسا ماحول یقینی بنائیں جہاں شہریوں کو عزت، سہولت اور شفاف طریقہ کار کے مطابق خدمات میسر ہوں۔ ایف ڈی اے کو ایک موثر، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے تمام افسران و ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور ایمانداری سے ادا کرنا ہوں گی۔




