ڈپٹی کمشنر نے باغ جناح میں بچوں کیلئے پلے ایریا کا افتتاح کر دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنرمحمد نعمان صدیق نے باغ جناح میں بچوں کے لئے قائم کئے گئے پلے ایریا کا افتتاح کر دیا۔ڈپٹی کمشنر نے پلے ایریا میں بچوں کے لئے فراہم کی گئی مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا۔پلے ایریا میں بچوں کے لئے شطرنج، لڈو، اسنیل ہاپ اسکاچ، فش میز، نمبرڈ ٹرٹل شیل پزل،نمبرڈ ہاپ اسکاچ اور سیلفی سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو بچوں کو صحت مند اور مثبت تفریح کے مواقع فراہم کریں گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں کے لئے صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ باغ جناح میں پلے ایریا کا قیام بچوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول میں کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے لئے کھیل اور تفریح کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر کے پارکس کو بھی مزید خوبصورت اور فعال بنایا جا رہا ہے۔شہریوں خصوصا بچوں اور خاندانوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پلے ایریا میں موجود تمام کھیلوں اور سہولیات کی باقاعدہ دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور مناسب نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں کو محفوظ اور بہترین ماحول میسر رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں