فیصل آباد گرین فیلڈ ائیرپورٹ کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں مجوزہ گرین فیلڈ ائیرپورٹ کے قیام کے منصوبے کی ماسٹر پلاننگ، فزیبلٹی اسٹڈی اور ڈیزائن سروسز کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے کنسلٹنٹس کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری سے ملاقات کی، جس میں فیصل آباد ماسٹر پلان کے مجوزہ ڈرافٹ، مستقبل کی شہری توسیع، اراضی کے استعمال، ٹرانسپورٹ و رابطہ جاتی انفراسٹرکچر اور گرین فیلڈ ائیرپورٹ کے مجوزہ منصوبے سے متعلق مختلف تکنیکی و منصوبہ بندی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں کنٹری ہیڈ رامی بیڈون (Rami Beydoun)، پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین فیلڈ ائیرپورٹ فیصل آباد مرزا محمد علیم ودیگر شامل تھے. اس موقع پر چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹان پلاننگ راحیل ظفر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے کنسلٹنٹس کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد گرین فیلڈ ائیرپورٹ کا منصوبہ شہر اور خطے کے مستقبل کی ترقی، معاشی سرگرمیوں، صنعتی و تجارتی فروغ اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے پیری اربن سٹریکچر پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے کی جانب سے تیار کیے جانے والے فیصل آباد ماسٹر پلان کے مجوزہ ڈرافٹ میں شہر کی موجودہ ضروریات کے ساتھ ساتھ مستقبل کے ترقیاتی امکانات، شہری پھیلائو، آبادی میں متوقع اضافہ، علاقائی و سماجی و معاشی عوامل اور اراضی کے استعمال کے بدلتے ہوئے رجحانات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے وفد کو فیصل آباد ماسٹر پلان کے تحت شہری توسیع کے مجوزہ علاقوں، سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، اہم شاہراہوں، اراضی کے استعمال، زوننگ میپ، زوننگ ریگولیشنز اور شہر کو مجوزہ گرین فیلڈ ائیرپورٹ سے مربوط کرنے والے رابطہ جاتی انفراسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ جدید شہری منصوبہ بندی کے اصولوں کے تحت ایسا مربوط ترقیاتی ڈھانچہ تشکیل دینا ضروری ہے جس سے ائیرپورٹ کو شہر اور دیگر اہم علاقوں سے مؤثر اور محفوظ مواصلاتی رابطہ فراہم کیا جا سکے اور مستقبل میں بڑھنے والی ٹریفک و تجارتی سرگرمیوں کو بھی مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے مجوزہ گرین فیلڈ ائیرپورٹ کے ماسٹر پلان، فزیبلٹی اسٹڈی اور ڈیزائن سروسز کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے کنسلٹنٹس کو ہر ممکن تکنیکی و منصوبہ بندی معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس قومی اہمیت کے منصوبے کی کامیابی کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، جس کے ذریعے فیصل آباد کی مستقبل کی شہری ضروریات، معاشی ترقی اور علاقائی رابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد ایک اہم صنعتی، تجارتی اور معاشی مرکز ہونے کے باعث جدید فضائی رابطوں اور مضبوط انفراسٹرکچر کا متقاضی ہے، جبکہ گرین فیلڈ ائیرپورٹ کا منصوبہ مستقبل میں نہ صرف شہری و علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے بلکہ صنعت، تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے. پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے کنسلٹنٹس اور پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین فیلڈ ائیرپورٹ فیصل آباد مرزا محمد علیم نے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مجوزہ فیصل آباد گرین فیلڈ ائیرپورٹ کے منصوبے کی ماسٹر پلاننگ اور فزیبلٹی اسٹڈی کے سلسلے میں درکار تقاضوں، تکنیکی امور اور منصوبہ بندی کے مختلف پہلوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ملاقات میں متعلقہ اداروں کے درمیان آئندہ رابطہ کاری اور مطلوبہ تکنیکی معلومات کے تبادلے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں