اسلام آباد (بیوروچیف)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی ہدایت پر پارلیمنٹ ہاؤس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال، بالخصوص آتشزد گی کے ممکنہ واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹنے، حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے اور متعلقہ اداروں کی ہنگامی ردِعمل کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے موک فائر ڈرل کی عملی مشق کا انعقاد کیا گیا۔موک فائر ڈرل کی مشق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کی گئی، جس میں سی ڈی اے، فائر بریگیڈ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے سیکیورٹی اسٹاف سمیت متعلقہ عملے نے بھرپور حصہ لیا۔موک فائر ڈرل کی مشق کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس میں فائر سائرن بجایا گیا، جسکے بعد عمارت میں موجود ملازمین اور عملے نے مقررہ حفاظتی طریقہ کار کے مطابق عمارت کے ہنگامی اخراج کے راستوں کے ذریعے عمارت کو خالی کیا اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ۔ موک فائر ڈرل کے دوران ہنگامی انخلا، عمارت کو بروقت خالی کرانے، فائر فائٹنگ اور ریسکیو کے انتظامات سمیت ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کے باہمی رابطہ اور تعاون کا عملی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر فائر بریگیڈ اور سیکیورٹی عملے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقررہ ایس او پیز کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔، جبکہ عمارت سے ملازمین کے محفوظ اور منظم انخلا کو یقینی بنانے کے لیے بھی عملی مشق کی گئی۔




