ساہیوال (بیورو چیف)ضلع ساہیوال میں رواں سال کے دوران قتل کی 65 وارداتوں میں 74 افراد کو قتل کردیا گیا، جن میں 8 اندھے قتل اور غیرت کے نام پر چار لڑکیوں کے قتل کی وارداتیں بھی شامل ہیں، جبکہ ڈکیتی کے دوران ایک راہگیر بھی مارا گیا۔ اس دوران66پولیس مقابلے ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اقدام قتل کی 63، لڑائی جھگڑوں کی 516، پولیس سے مزاحمت کی 32اور سرکاری اہلکاروں و افسران سے مزاحمت کی 35 وارداتیں ہوئیں۔بچوں کے اغوا کی 101، اغوا برائے تاوان کی 2، خواتین اور لڑکیوں کے اغوا کی 444، بچوں سے بدفعلی کی27، لڑکیوں اور خواتین سے زیادتی کی 63جبکہ گینگ ریپ کی 52وارداتوں کے مقدمات درج کیے گئے ۔ فحاشی کے 11اڈے بھی پکڑے گئے۔ٹریفک کے 22سنگین حادثات میں 56افراد جاں بحق جبکہ 94شدید زخمی ہوئے۔ خواتین سے زیادتی کے 165 مقدمات درج کیے گئے۔ڈکیتی کی 331وارداتو ں میں 91 موٹر سائیکلیں، ایک کار اور تین بڑی گاڑیاں چھین لی گئیں۔، جبکہ ڈکیتی کے دوران 11 افراد کو گولیاں مار کر لوٹ لیا گیا۔ عام ڈکیتی کی 204، مویشی چوری کی 720، عام چوری کی 2 ہزار 157، رکشہ چوری کی 28، بڑی گاڑیوں کی چوری کی 4 اور موٹر سائیکل چوری کی 438 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔رواں سال کے آٹھ ماہ کے دوران ضلع بھر میں 11 ہزار 554 مقدمات درج ہوئے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 13 ہزار 780 مقدمات درج کیے گئے تھے۔منشیات کے 930 مقدمات درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ناجائز اسلحہ رکھنے والے 638 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اسلحہ کی نمائش پر 125 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ بجلی چوری کے 604، پتنگ بازی کے 142، قمار بازی ایکٹ کے 18 اور متفرق جرائم کے 475 مقدمات بھی درج کیے گئے۔




