لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے نجی شعبے کے اشتراک سے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اہم فیصلے کرلیے ہیں۔ پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے پانچویں اجلاس میں ابتدائی مرحلے کے 7روڈ پیکجز کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کی صدارت پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی ہے۔ اجلاس میں نجی شعبے کی شراکت داری سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ آپریشنل اینڈ مینجمنٹ کنٹریکٹس کیلئے کامیاب بولیوں کی بھی منظوری دی گئی۔ کامیاب بولی دہندگان اپنی بولیاں 7سال تک برقرار رکھیں گے۔اجلاس میں نجی شعبے کے اشتراک سے مقامی سطح پر ویکسینز کی تیاری شروع کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منہ کھر کی بیماری کے علاج کیلئے ویکسین کی مقامی تیاری کا جائزہ لیا گیا جبکہ لائیو اسٹاک فارمز اور ویکسین کے شعبے میں تبدیلی کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے اجلاس میں بولیوں کے جائزے کے نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ کارکردگی کے جائزے کے طے شدہ معیارات کے مطابق ادارہ جاتی اور انتظامی مینجمنٹ کی منظوری دی گئی، جس سے صوبائی وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں اتھارٹی کے چوتھے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ انفارمیشن و کمیونیکیشن اصلاحات، سوشل میڈیا مینجمنٹ اور سالانہ ضلعی ڈویلپمنٹ پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ منصوبوں پر شفاف اور مقررہ وقت کے مطابق عملدرآمد کارکردگی جانچنے کا اہم معیار ہے۔ اجلاس کے بعد سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب فنانشل اسسٹنس سروسز کا بھی دورہ کیا۔




