لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صوبے بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صاف، سرسبز و صحت مند پنجاب کے قیام کے لیے ملٹی سیکٹورل گرینڈ انفورسمنٹ آپریشن جاری ہے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والو ں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے دن کیساتھ ساتھ نائٹ سرویلنس بھی جاری ہے۔گرینڈ انفورسمنٹ آپریشن کے دوران پنجاب بھر میں 192 اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کی گئی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 4بھٹے مسمار جبکہ 2 بھٹے سیل کیے گئے، جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں پر لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔اسی طرح 154صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی۔ ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی پر 5صنعتی یونٹس سیل کیے گئے جبکہ 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔پلاسٹک آلودگی کیخلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ حکام کے مطابق 228 انسپیکشنز کے دوران 862 کلو گرام پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ مجموعی طور پر ماحولیا تی خلاف ورزیوں پر 12مقامات سیل کیے گئے۔ جبکہ جرمانوں کی مد میں 10 لاکھ 25 ہزار روپے وصول کیے گئے۔تعمیراتی مقامات سے گرد و غبار کے اخراج کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی کریک ڈان جاری ہے۔ فیوگیٹو ڈسٹ کے خلاف کارروائی کے دوران 8 تعمیراتی مقامات کا معائنہ کیا گیا اور خلاف ورزیوں پر 8 نوٹسز جاری کیے گئے۔




