سرگودھا ( بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ستھرا پنجاب سرگرمیوں میں ضلع سرگودھا کی صوبہ بھر میں پانچویں پوزیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے، اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیلڈ میں صفائی ستھرائی کے عمل کی موثر نگرانی اور ورکرز کی حاضری و کارکردگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات (کے پی آئیز)پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خاور بشیر احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد عاطف سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محمد ارشد وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احمد مغیث نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب کے تحت صفائی آپریشن کی مؤثر نگرانی کے لیے فیلڈ وزٹس میں اضافہ کیا جائے اور تمام متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کے معیار کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے موثر کارروائی اور خصوصی ٹیموں کی کارکردگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے ۔اور شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے ۔




