ساہیوال (بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عدنان رشید نے کہا ہے کہ سموگ کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنے ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں تیز کی جائیں۔ وہ یہاں اینٹی سموگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایس ڈی او پیرا فورس نعمان قیصر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد ادریس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد حسن، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی واصف یاسین اورٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی اور سموگ کی روک تھام کیلئے اپنے اپنے ایکشن پلان پیش کیے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد ادریس نے بتایا کہ ضلع بھر میں 295 بھٹہ خشت ہیں جن میں سے 162 تحصیل ساہیوال میں ہیں اور تمام بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ نے ہدایت کی کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت بغیر نوٹس جرمانہ اور فوری مسماری کی کارروائی کی جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید نے بتایا کہ ضلع بھر میں 519 رضا کار کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کیلئے آگاہی دیں گی۔ خلاف ورزی پر نقد جرمانے اور ایف آئی آر کا اندراج کیا جائیگا۔ جبکہ گزشتہ سال خلاف ورزی کرنے والوں کو رواں سال ایڈوانس نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عدنان رشید نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 15 ستمبر سے کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ زراعت اور ماحولیات کو آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے اوراس سلسلے میں سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔




