لاہور (بیوروچیف) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کے بلز سمیت تمام واجبات سے متعلق عدالتوں میں زیرِ سماعت کیسز پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا۔فیصلے کے مطابق عدالتوں میں زیرِ سماعت کیسز پر عملدرآمد کے اختیارات چیف لیگل آفیسر کے سپرد کردیئے گئے ہیں۔ مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت کیسز پر عملدرآمد کی منظوری لیگل ڈائریکٹوریٹ دے گا۔ذرائع کے مطابق مختلف دفاتر میں موصول ہونے والے عدالتی فیصلے متعلقہ افسران نے لیگل ڈائریکٹوریٹ کو بھجوا دیے ہیں۔ لیگل ٹیم کی جانب سے ملنے والی سفارشات اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں آپریشن سرکلز کے افسران عملدرآمد کریں گے۔لیسکو کے متعدد صارفین نے اربوں روپے کے واجبات سے متعلق عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے، جس کے باعث زیرِ سماعت کیسز کو جلد نمٹانے کے لیے لیگل ٹیم کو متحرک کردیا گیا ہے۔لیسکو حکام کے مطابق عدالتی کیسز کے فیصلوں کی روشنی میں صارفین سے واجبات کی وصولی کی جائے گی۔




