فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ اور نجات کا ذریعہ ہے ۔ اگر ہم دنیا میں سر بلند اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں سیرتِ طیبہ کے سنہری اصولوں پر عمل کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ مبلغ حضرت مولانا محمد ناصر مدنی ، شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس سلفی ، قاری محمد ارشد ، قاری احمد حسن ساجد ، پروفیسر نجیب اللہ طارق ، آرگنائزر جلسہ افتخار احمد فراز ، خالد محمود اعظم آبادی ، مولانا محمد اسحاق سلفی ، حکیم سعید احمد سعید ، رانا علی حسن ، مولانا حبیب الرحمن سابد ، مفتی طلحہ عبد الحفیظ ، قاری عبد الحلیم ۔ رانا کلیم اللہ ، قاری امتیاز احمد سلفی و دیگر نے مرکزی جمعیت اہلحدیث و اہلحدیث یوتھ فورس منڈا پنڈ کے زیرِ اہتمام 21 ویں سالانہ رفعت صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس کائنات کی وہ عظیم ترین نفوسِ قدسیہ ہیں جنکی بدولت اسلام صحیح معنوں میں ہم تک پہنچا ۔ ان عظیم ترین شخصیات کا انکار دراصل اسلام و پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار ہے ۔ مولانا احمد حسن ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج منظم پلاننگ کے تحت اسلام اور اصحابِ رسول کے بارے میں ہرزہ سرائی کی جا رہی ہے ۔ اسلام و پاکستان دشمن عناصر ملکی بقا وسلامتی اور استحکام سے کھیلنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ملک کو صحیح معنوں میں اسلامیہ جمہوریہ پاکستان بنانے اور قوم کو غربت و مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔




