شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے شہری مسائل کے فوری حل، تجاوزات کے خاتمے اور مختلف محکموں کی کارکرد گی کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ افسران کو کمشنر آفس طلب کر لیا۔ اجلاس میں ایم ڈی پی ایچ اے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز، ایکسین بلڈنگ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر کی خوبصور تی، پارکس و گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی ، تعمیراتی امور، تجاوزات اور دیگر شہری مسائل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف، سرسبز اور خوبصورت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہر کے اہم بازاروں، شاہراہوں، چوکوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ اور دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے کے لیے مستقل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہری مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ فیلڈ میں متحرک رہیں، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور صفائی، گرین بیلٹس، پارکس اور شہر کی خوبصورتی کے امور پر خصوصی توجہ دی جائے۔کمشنر نے مزید کہا کہ جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے جبکہ متعلقہ افسران فیلڈ میں باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرتے ہوئے ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں