فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پی ڈی پی کے تحت ترقیاتی سکیموں کو مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ اس ضمن میں کوالٹی ایشورینس ٹیم کے رکن میجر شہزاد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی سائٹس کا وزٹ کیا۔ڈائریکٹر ٹیکنیکل حیات رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے نگہبانپورہ اور سمن آباد کا دورہ کیا اور وہاں پر ڈالے جانے والے پائپس کی کوالٹی کے معیار کو جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر ٹیکنیکل حیات رندھاوا نے کوالٹی ایشورنس ٹیم کو دونوں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کوالٹی ایشورینس ٹیم کے وزٹ کے بعد ایم ڈی واسا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازکے ویژن کے مطابق واسا فیصل آباد ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سیزن کے آخری سپیل کے اختتام کے بعد نگہبانپورہ اور سمن آباد میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کی ترقیاتی سکیموں پر کام تیزی کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔




