بسنت کو محفوظ بنانے کیلئے ٹریفک پولیس لاہور کا پلان مرتب

لاہور (بیوروچیف) بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے خصوصی پلان مرتب کرلیا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بسنت سے قبل شہر کے 23لاکھ بائیکرز کو سیفٹی راڈز فراہم کیے جا ئیں گے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق محفوظ بسنت کے لیے تقریبا 80فیصد بائیکرز کو سیفٹی راڈز فراہم کر نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ بسنت کے موقع پر 10 لاکھ بائیکرز کو سیفٹی راڈز فراہم کیے گئے تھے۔پلان کے مطابق راڈز کی تنصیب کے لیے شہر کے اہم مقامات پر سو کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ یکم نومبر سے شہریوں میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی جبکہ یکم جنوری 2027سے سیفٹی راڈز کی تنصیب کا عمل شروع ہوگا۔چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق ڈبل سواری کی صورت میں دونوں سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔ بسنت کے دوران ڈکلیئر کیے گئے ریڈ زونز میں بائیکرز اور چنگچی رکشوں کا داخلہ بھی بند رہے گا۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بغیر سیفٹی راڈز کے بائیکرز کا داخلہ بھی روکا جائے گا۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ محفوظ بسنت کے لیے پلان پر تین مراحل میں عملدرآمد کیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں آگاہی مہم، دوسرے مرحلے میں عملدرآ مد اور تیسرے مرحلے میں انفورسمنٹ کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں