کمالیہ(نامہ نگار)شہریوں نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اہم شاہراہو ں اور مصروف مقامات پر فوری طور پر سپیڈ بریکرز تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کلمہ چوک، لاری اڈا، ضیا روڈ، منڈی موڑ، سٹاپ نمبر 3اور یونیورسٹی آف کمالیہ سمیت دیگر مصروف مقامات پر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث حادثات کا خدشہ رہتا ہے ، جبکہ ان مقاما ت پر پیدل چلنے والے شہریوں، طلبہ اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ متعلقہ ادارے شہریوں کی مشکلات اور حادثات کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ مقامات کا فوری سروے کروائیں اور ضرورت کے مطابق مناسب سائز کے سپیڈ بریکرز تعمیر کیے جائیں، جبکہ سپیڈ بریکرز سے قبل اور بعد میں واضح ٹریفک سائن بورڈز بھی نصب کیے جائیں تاکہ ڈرائیورز کو بروقت آگاہی حاصل ہو سکے ۔شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ حادثات کی روک تھام، ٹریفک کی روانی اور عوام کے تحفظ کے لیے اس اہم مسئلے پر فوری توجہ دی جائے۔ تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔




