فیصل آباد ایجوکیشن بورڈ اور نادرا کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان طلبہ کی رجسٹریشن اور تعلیمی اسناد کے نظام کو باہم مربوط کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت (MoU)پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہد ے کے تحت تعلیمی بورڈ فیصل آباد اور نادرا کے مابین محفوظ اور باقاعدہ ڈیٹا ایکسچینج کا نظام قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے نادرا اپنے ریکارڈ سے طلبہ کی تصدیق شدہ معلومات بورڈ فیصل آباد کو فراہم کرے گا۔ ان معلومات میں طالب علم کا مکمل نام، والد کا نام اور تاریخ پیدائش شامل ہوگی۔اس اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ کی رجسٹریشن کے دوران نام، والد کے نام اور تاریخ پیدائش سمیت دیگر کوائف میں پیدا ہونے والی غلطیوں اور تضادات کا خاتمہ، انتظامی امور میں بہتری اور درست و قابلِ تصدیق تعلیمی اسناد کے اجرا کو یقینی بنانا ہے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت طلبہ کے لیے محفوظ ڈیجیٹل والٹ کی سہولت بھی متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی، جس کے ذریعے طلبہ اپنی تعلیمی اسناد کو ڈیجیٹل انداز میں محفوظ رکھنے، ضرورت کے وقت حاصل کرنے اور متعلقہ اداروں یا افراد کے ساتھ آسانی سے شیئر کرنے کے قابل ہوں گے۔تعلیمی بورڈ فیصل آباد اور نادرا کے درمیان یہ اشتراک تعلیمی ریکارڈ کو قومی شناختی ڈیٹا سے منسلک کرنے اور بورڈ کے روایتی نظام کو جدید ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔یہ پیش رفت چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بن یامین کی قیادت میں بورڈ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے، شفافیت بڑھانے اور طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ کو زیادہ مستند اور قابلِ اعتماد بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں