فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر مقرب الٰہی سٹار ٹیچر ایوارڈ دینے کا اعلان ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر رواں سال بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو مقرب الٰہی سٹار ٹیچر ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ایوارڈ کا مقصد اساتذہ کی حوصلہ افزائی، ان کی خدمات کو سراہنا اور تعلیمی نتائج میں مزید بہتری کے لیے مثبت مسابقت کو فروغ دینا ہے۔تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے تحت ہشتم، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 2026 کے نتائج میں کسی بھی مضمون میں 100 فیصد رزلٹ حاصل کرنے والے اساتذہ اپنے رزلٹ کا اندراج سادہ کاغذ پر تحریر کرکے، ہیڈ ماسٹر کی مہر، دستخط اور مکمل ادارہ جاتی پتے کے ساتھ 03009107474 پر واٹس ایپ کر سکتے ہیں۔ رزلٹ بھجوانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر بروز جمعہ شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے مطابق موصول ہونے والے رزلٹس میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے فیصل آباد کی چھ تحصیلوں فیصل آباد سٹی، فیصل آباد صدر، جڑانوالہ، سمندری، تاندلیانوالہ اور جھمرہ ہر تحصیل سے ایک مرد اور ایک خاتون استاد کو مقرب الٰہی سٹار ٹیچر ایوارڈ کے لیے قرعہ اندازی کے زریعے منتخب کیا جائے گا۔منتخب اساتذہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو مقرب الٰہی سٹار ٹیچر ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان محمد اسلم بٹ،رانا شاہد مقرب،حافظ نجف،علی اویس ورک،یاسر عرفات،طارق سندھو،میاں رضوان،نواز گجر،رانا شاہد خاں،رانا اشفاق خاں،میاں طاہر،زاہد رشید بسرا و دیگر کا کہنا ہے کہ مقرب الٰہی کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث فیصل آباد میں اساتذہ کی کارکردگی میں پہلے کی نسبت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی نئی نسل کی تربیت اور تعلیم میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے حکومت پنجاب بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے موثر اقدامات کرے تو اس کے مثبت نتائج مزید بہتر انداز میں سامنے آ سکتے ہیں۔




