کمالیہ(نامہ نگار)چوہدری برادران کا مقامی سطح پر فتیانہ گروپ سے علیحدگی کا اعلان سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کمالیہ چوہدری فیصل قذافی، سابق چیئرمین یونین کونسل چوہدری رضوان احمد نصرت اور سابق امیدوار برائے کونسلر چوہدری کامران احمد نصرت نے مقامی سیاسی طور پر فتیانہ گروپ سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔کمالیہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران چوہدری برادران نے اپنے سیاسی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سیاسی رفاقت میں خلوص، وفاداری اور اصولوں کو مقدم رکھا، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان کے ساتھ وہ رویہ اختیار نہیں کیا گیا جس کے وہ مستحق تھے ۔چوہدری فیصل قذافی، چوہدری رضوان احمد نصرت اور چوہدری کامران احمد نصرت نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مخلص ہو کر ساتھ دیا، ہر مشکل وقت میں اپنے سیاسی ساتھیوں کا ساتھ نبھایا، لیکن ہمارے ساتھ منافقت کی گئی اور ہمارے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ سیاست میں اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے ، تاہم کسی بھی سیاسی رفاقت کی بنیاد باہمی اعتماد، مشاورت اور احترام پر ہونی چاہیے ۔ جب یہ بنیادی اصول متاثر ہوں تو سیاسی راستوں پر نظرثانی کرنا ناگزیر ہو جاتا ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ ان کا فیصلہ کسی ذاتی عناد یا وقتی ردعمل کا نتیجہ نہیں بلکہ مقامی سیاسی حالات اور طویل عرصے کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ بھی اپنے سیاسی اور سماجی کردار کو جاری رکھیں گے اور اپنے ساتھیوں، دوستوں اور حلقہ احباب سے مشاورت کے بعد مستقبل کی سیاسی حکمت عملی طے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح اپنے علاقے کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے ۔ عوامی خدمت کے سفر میں وہ اپنے سیاسی ساتھیوں اور کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے ۔




