فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستیانہ روڈ پر ٹی اینڈ ٹی کالونی کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق جبکہ مسافر زخمی ہو گیا، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ ستیانہ کا رہائشی 40سالہ محمد زکریا رکشہ پر سوار ہو کر گھر جا رہا تھا کہ جب وہ ٹی اینڈ ٹی کالونی کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے ڈرائیور ذیشان سمیت دو افراد گر کر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور موقع سے بھاگ گیا، تاہم اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 30سالہ ذیشان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا جبکہ 40سالہ محمد ایاز کو سر پر چوٹ لگنے سے بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے نعش لواحقین کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




