فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں خاتون سمیت 4افراد قتل’ نومولود کی کھال سے نعش برآمد’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق نشاط آباد کے علاقہ غلام محمد آباد نمبر2کے رہائشی امیر حمزہ نے بتایا کہ اس کا بھائی ابوحذیفہ نے عثمان ٹائون گلی نمبر2 میں آئی ٹی سنٹر بنا رکھا ہے اور بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم دیتا تھا، گزشتہ روز اس کو اطلاع ملی کہ ابوحذیفہ نے خود کو گولی مار لی ہے جب موقع پر پہنچا تو بھائی خون میں لت پت پڑا تھا، سی سی ٹی وی کیمرہ سے معلوم ہوا کہ ملزمان عثمان’ ارمان’ عبداﷲ’ ایان وغیرہ موقع پر موجود تھے۔ ان کو قوی شبہ ہے کہ مذکورہ ملزمان نے اس کے بھائی ابوحذیفہ کو قتل کیا ہے۔ جبکہ دوسرا واقعہ تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ 232 رب کے رہائشی محمد سعید نے بتایا کہ اس کے بیٹے سجاول نے ایک سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس کا لڑکی کے رشتہ داروں فیصل’ رحمن وغیرہ کو رنج تھا، گزشتہ روز سجاول اپنی اہلیہ کے ہمراہ دوائی لیکر آ رہا تھا جب وہ علامہ اقبال کالونی رنگ روڈ پر پہنچا تو مذکورہ ملزمان نے گولی مار کر زخمی کر دیا جسے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ غلام محمد آباد کے علاقہ سلیمانیہ کالونی کے رہائشی آصف علی ولد عبداﷲ کا ملزمان وسیم وغیرہ کیساتھ رقم کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا گزشتہ روز آصف غوثیہ آباد کے قریب جا رہا تھا کہ ملزمان نے چھریوں کے وار کر کے ابدی نیند سلا دیا۔ علاوہ ازیں جسوانہ بنگلہ نہر سے خاتون کی نعش ملی جس کی شناخت نسرین بی بی زوجہ اختر کے نام سے ہوئی جس کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے، نامعلوم ملزمان نے خاتون کو مبینہ طور پر قتل کر کے نعش نہر برد کر دیا اور ڈجکوٹ کے علاقہ 88 گ ب کھال سے نومولود بچے کی نعش برآمد’ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔




