پرائیویٹ امیدواروں کیلئے بورڈ رجسٹریشن کو اہلیت کی بنیاد بنایا جائے

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) وزیرِاعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلبہ کے لیے شروع کی گئی ای-با ئیک اسکیم میں پرائیویٹ امیدواروں کو شامل نہ کیے جانے پر ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان نے پالیسی پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کر دیا۔ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے مطابق موجودہ اسکیم میں صرف رجسٹرڈ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے وہ طلبہ جو بطور پرائیویٹ امیدوار بورڈ کے تحت رجسٹرڈ ہو کر امتحانات دیتے ہیں، اس سہولت سے محروم ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ امیدوار بھی متعلقہ تعلیمی بورڈ میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہوتے ہیں اور تعلیمی نظام کا حصہ ہیں، اس لیے انہیں بھی ای-بائیک اسکیم میں شمولیت کا حق دیا جانا چاہیے۔چیرمین ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان محمد اسلم بٹ نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث متعدد طلبہ باقاعدہ سکول یا کالج میں داخلہ لینے کے بجائے بطور پرائیویٹ امیدوار اپنی تعلیم جاری رکھتے ہیں۔ ایسے طلبہ کو صرف اس بنیاد پر سہولت سے محروم رکھنا کہ وہ کسی ادارے میں باقاعدہ داخل نہیں، ان کے لیے مشکلات میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ امیدواروں کے لیے بھی بورڈ رجسٹریشن کو اہلیت کی بنیاد بنایا جائے اور انہیں وزیرِ اعلی پنجاب ای-بائیک اسکیم میں شامل کیا جائے تاکہ سرکاری و نجی اداروں کے طلبہ کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ امیدوار بھی اس سہولت سے یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے عہدیداران محمد اسلم بٹ، رانا شاہد مقرب، شیخ غلام سرور، زاہد رشید بسرا، حافظ نجف، نواز گجر، میاں طاہر، علی اویس ورک، یاسر عرفات اور دیگر نے وزیرِ اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ای-بائیک اسکیم کی موجودہ اہلیت کی شرائط پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پرائیویٹ امیدوار طلبہ کو بھی اسکیم کا حصہ بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں