فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر دستیاب ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور’ وفاقی وزیر بین الصوبائی روابط سینیٹر رانا ثناء اﷲ خاں (نشان امتیاز) نے آر ایچ سی چک نمبر 30 ج ب کا افتتاح اور 11 مریم نواز ہیلتھ کلینکس الٹراسائونڈ مشینوں کی فراہمی کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود’ سابق ایم پی اے اجمل آصف’ محکمہ صحت کے افسران’ معززین علاقہ اور سیاسی وسماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ رانا ثناء اﷲ خاں نے رورل ہیلتھ سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور عوام کی فلاح وبہبود اور انکے بہتر مستقبل کیلئے فیصل آباد میں میگاپراجیکٹ پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔ رانا ثناء اﷲ خاں نے علاج معالجہ کیلئے آر ایچ سی 30 چک میں اہل علاقہ کی سہولت کیلئے ایک ایمبولینس بھی فراہم کی گئی تاکہ شدید بیماری کی حالت میں مریضوں کو ہسپتال شفٹ کیا جا سکے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود نے رانا ثناء اﷲ خاں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 چک کے ساتھ ساتھ 11 مریم نواز ہیلتھ کلینکس کو فعال کرتے ہوئے وہاں پر مفت الٹراسائونڈ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ جس سے اہل علاقہ کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر دستیاب ہونگی۔




