لاہور (بیوروچیف) وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم پنجاب بھر میں جاری ہے، جس کے تحت صوبے میں اب تک 20لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو کے مطابق رجسٹرڈ افراد میں سے 17لاکھ افراد ٹوکن جاری کروا کر اسکیم سے استفادہ کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 6 ہزار 300 سے زائد پٹرول پمپس پر وزیراعظم فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اسکیم کی نگرانی کے لیے مختلف انسپکشن ٹیمیں پٹرول پمپس کے دورے کر رہی ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق وزیراعظم فیول سبسڈی کی فراہمی کا تمام نظام آن لائن ہے، جس کے ذریعے اسکیم کے عمل کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ افتخار علی سہو نے بتایا کہ عوامی آگاہی کے لیے صوبے بھر کے تمام متعلقہ پٹرول پمپس پر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے پٹرول پمپس پر ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو فیول سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا اور اسکیم کی شفاف فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔




