مبینہ پولیس مقابلے ‘2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کمالیہ (نامہ نگار)مبینہ پولیس مقابلہ، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، موٹر سائیکل برآمد کمالیہ کے گرداسہ بائی پاس کے قریب سی سی ڈی ٹیم اور مبینہ ڈاکوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق سی سی ڈی انچارج گوجرہ سلمان شاہد کی قیادت میں ٹیم کارروائی کے لیے موجود تھی کہ اس دوران مبینہ ڈاکوں نے پولیس ٹیم پر سیدھی اور جان لیوا فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عمر حیات اوڈھ، سکنہ 100/6 اے آر ساہیوال کے نام سے ہوئی ہے ۔ ملزم کے قبضے سے تھانہ رجانہ کی حدود میں دورانِ رابری چھینا گیا موٹر سائیکل بھی برآمد ہونے کا دعوی کیا گیا ہے ۔زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر حیات اوڈھ ڈکیتی اور راہزنی کے 13 مقدمات میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف تھانوں کو مطلوب ہے ۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق چند روز قبل بھی مبینہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ ماموں کانجن کی حدود میں دورانِ ڈکیتی ایک حساس ادارے کے ملازم کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش اور گرفتار ملزم کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔دریں ثناء ۔ گو جرہ (نامہ نگار)سی سی ڈی اور ڈاکوؤں میں مبینہ مقابلہ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ گوجرہ کے نواحی چک نمبر 297 ج ب کی حدود میں سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی سی ڈی انچارج وسیم سرور کی قیادت میں پولیس نفری موقع پر موجود تھی۔ جس نے ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی۔ ڈاکوؤں کی جانب سے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی گئی پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک مبینہ ڈاکو محمد احمد ولد ارشد سکنہ 194 گ ب رجانہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سے تھانہ ماموں کانجن کی حدود میں ایک واردات کے دوران چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا۔جس نے چند روز قبل ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ ماموں کانجن کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک حساس ادارے کے ملازم کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں