فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال، گرین بیلٹس، پارکس کی صفائی اور گھاس کی کٹائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو شہر کی خوبصورتی، صفائی اور گرین بیلٹس کی بحالی کیلئے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو،ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے اور ستھرا پنجاب کو خصوصی ذمہ داری سونپتے ہوئے 100،افراد پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دے دی جو روزانہ کی بنیاد پر شہر کے ایک علاقے کو مکمل طور پر کلین کرے گی۔ ٹاسک فورس کے ذریعے منتخب علاقوں میں صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی، گھاس کی کٹائی، جھاڑیوں کی صفائی اور پارکس کی صفائی کے کام کو مربوط انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر کے عدم توجہی کا شکار علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے اور ایسے علاقوں میں صفائی کے ساتھ ساتھ گرین بیلٹس اور پارکس کی حالت بھی بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کا عمل صرف ایک مرتبہ صفائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ متعلقہ محکمے مستقل بنیادوں پر صفائی اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صاف ستھرا ماحول شہریوں کا بنیادی حق ہے، اس مقصد کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں۔ گرین بیلٹس اور پارکس شہر کے حسن کا اہم حصہ ہیں اس لئے ان کی صفائی، دیکھ بھال اور بحالی میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔




