ترسیلات زر 6.4ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد (بیورو چیف) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دو ماہ میں ترسیلات زر 6.4ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، حکو مت کی توجہ برآمدات میں پائیدار اضافے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر مرکوز ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ عارضی نہیں بلکہ طویل مدت کے لیے مستحکم بنیادوں پر ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جولائی سے اگست کے دوران آئی ٹی برآمدات 81 کروڑ ڈالر رہیں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سالانہ تقریباً 40ارب ڈالر پاکستان بھیج رہے ہیں جبکہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ترسیلات زر کی مجموعی رقم 6.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔وزیر منصوبہ بندی نے تحریک انصاف کے دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں درآمدات 80 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس سے روپے کی قدر متاثر ہوئی، درآمدات کو 80 ارب ڈالر تک پہنچا کر حاصل کی گئی 6 فیصد معاشی ترقی مصنوعی تھی۔احسن اقبال نے کہا کہ اگر اسی شرح سے معاشی ترقی برآمدات میں اضافے کے ذریعے حاصل کی جاتی تو اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی توجہ برآمدات میں پائیدار اضافے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر مرکوز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں