ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صارفین کے حقوق کے تحفظ اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے اقداما ت جاری ہیں۔ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 کے تحت شہریوں کو اشیائے ضروریہ اور مختلف خدمات سے متعلق شکایات کے اندراج کیلئے کنزیومر پروٹیکشن ایپ کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔شہری پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے، رسید جاری نہ کرنے، اشیائے خورونوش میں ملاوٹ، زائد نرخ وصول کرنے، اشیا پر تیاری اور میعادِ استعمال کی تاریخ درج نہ ہونے یا خدمات کی اہلیت نمایاں نہ کرنے کی صورت میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ شکایت کے ساتھ رسید، تصویر یا دیگر متعلقہ ثبوت بھی فراہم کیا جا سکتا ہے، جبکہ شکایت پر ہونے والی پیش رفت سے شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائیگا۔کنزیومر پروٹیکشن ایپ کے علاوہ شہری اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل، ضلعی تحفظِ صارف کونسل کے دفتر، اسسٹنٹ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر آفس میں بھی شکایت جمع کرا سکتے ہیں۔ شکایات کی آن لائن سماعت کے باعث شہریوں کو دفتروں اور عدالتوں کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور قانون کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔قانون کی خلاف ورزی پر ایک ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ کاروباری افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرائس لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کریں، اوور چارجنگ سے گریز کریں، خام مال کا معیار برقرار رکھیں اور اشیاپر تیاری و آخری تاریخِ استعمال درج کرنا یقینی بنائیں۔




