گو جرہ (نامہ نگار)نواں لاہور پولیس نے خطرناک ڈکیت گینگ کے تین ارکان گرفتار کر کے چار لاکھ روپے مالیت کا سونا، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالا آتشیں اسلحہ برآمد کرلیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ کی سربراہی میں تھانہ نواں لاہور کے ایس ایچ او انسپکٹر علی رضا ندیم نے پولیس فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈکیت گینگ کے ارکان یاسر، قاسم اور گلفام حیدر ساکنان موچی والا جھنگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے تقریباً 4 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، 15 ہزار روپے نقدی، 2 پستول 30 بور معہ گولیاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل برآمد کرلیا۔گرفتار ملزمان تھانہ نواں لاہور کے علاقہ میں اسلحہ کے زور پر وارداتیں کرتے تھے۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔




