سموگ قوانین کی خلاف ورزی پر5بھٹے سیل،4مسمار

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی ہدایات پر ضلع بھر میں انسدادِ سموگ کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر سرفراز انجم کی نگرانی میں تحصیل کمالیہ میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران سموگ قوانین کی خلاف ورزی پر 5اینٹوں کے بھٹوں کو سیل جبکہ 4بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا۔ ماحولیاتی قوا نین کی خلاف ورزی پر ایک بھٹہ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا۔ اسی طرح تحصیل کمالیہ میں 2 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، جہاں سموگ کا باعث بننے پر ایک صنعتی یونٹ سیل جبکہ دوسرے کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر سرفراز انجم نے کہا کہ فضائی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی، جبکہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ سموگ اقدامات کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے کہا کہ تحصیل کمالیہ میں سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ خلاف ورز ی کے مرتکب بھٹہ مالکان اور صنعتی یونٹس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ضلع بھر میں انسدادِ سموگ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں اور فیلڈ نگرانی کے ذریعے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مثر روک تھام یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں