اسلام آباد(سپورٹس نیوز)عمان میں ہونے والے ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوالیفائرز میں پاکستان، امریکا، عمان، ایران، ازبکستان اور قطر کی ٹیموں نے شرکت کی۔پاکستان کی کامیابی میں دی گولڈن لیجنڈ تصور عباس لک کی کارکردگی نمایاں رہی جنہوں نے رنگ اینڈ پیگ، لیمن سلیشنگ اور ریلے سنگل لائن میں تین گولڈ میڈلز جیتے۔ تصور عباس لک نے مجموعی مقابلوں میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔محمد صغیر زرگر نے تلوار کے انفرادی مقابلے میں گولڈ میڈل جبکہ مجموعی انفرادی مقابلوں میں سلور میڈل حاصل کیا۔انٹرنیشنل ٹینٹ پیکنگ فیڈریشن کے نائب صدر صاحبزادہ سلطان محمد علی نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کو سراہا۔




